ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد (گلف آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان حکومت سے سرحدی علاقہ محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے لیکن اس کے باوجود دہشتگرد افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ چنددنوں میں افغانستان سے پاکستانی سرحدی علاقے میں سکیورٹی فورسزکو نشانہ بنانے کے واقعات بڑھے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گردگروہ پاکستان کی حفاظتی چوکیوں پر حملے کر رہے ہیں، ان حملوں میں متعدد پاکستانی فوجیوں کی شہادت بھی ہوئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ 14اپریل کوبھی شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشتگردوں نے پاک فوج کے7 جوانوں کو شہیدکیا، پاکستان، دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ دہشتگردی پاک افغان سرحد پر امن واستحکام برقراررکھنے کی ہماری کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مطالبہ کیا کہ افغانستان پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث افرادکے خلاف سخت کارروائی کرے اور پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنائے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیاحترام کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ کام کرتا رہیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں