وزیراعظم شہباز شریف

پنجاب میں تمام غیر آئینی عمل کا مرکزی کردار حمزہ شہباز ،وزیراعظم کا بیٹا ہونے کا فائدہ اٹھایا ‘گورنر کا شہباز شریف کو خط

لاہور( گلف آن لائن)گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو پنجاب کے سیاسی بحران اور آئینی تعطل کے بارے میں خط لکھ دیا جبکہ پنجاب میں تمام غیر آئینی عمل کا ذمہ دار حمزہ شہباز کو قرار دیا گیا ہے ۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کا بطور وزیراعلی استعفیٰ متنازعہ ہے، (ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی میں ڈی فیکٹو ممبران کی مکروہ حمایت حاصل کی، وفاداری تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلی کے متنازعہ الیکشن کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا، پنجاب میں تمام غیر آئینی عمل کا مرکزی کردار حمزہ شہباز ہے، جنہوں نے وزیراعظم کا بیٹا ہونے کا فائدہ اٹھایا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ الیکشن کی رپورٹ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے مجھے بھجوائی، سیکرٹری اسمبلی نے فراڈ الیکشن سے متعلق قانونی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔متن میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بھی وزیراعلی کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیا، ایڈووکیٹ جنرل نے ڈپٹی اسپیکر کے نتیجے میں بھی قانونی خامیوں کی نشان دہی کی۔گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ میں نے صدر پاکستان کو خط لکھ کر حقائق سے آگاہ کرکے رہنمائی مانگی، حالیہ الیکشن پنجاب اسمبلی کی 100 سالہ تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے اس معاملے میں گھنائونا کردار ادا کیا۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افسران نے گورنر پنجاب کے دفتر کے تمام اختیارات سلب کیے، حلف برداری کی تقریب سے قبل گورنر ہائوس کو سکیورٹی کے نام پر حصار میں لیا گیا، چیف سیکرٹری نے ہائیکورٹ کے حکم کا جواز بناکر گورنر کو دبا ئومیں لانے کی کوشش کی۔گورنر پنجاب نے اپنے خط میں کہا کہ وزیر اعلی کے الیکشن میں بھی ان افسران نے ارکان اسمبلی پر تشدد میں کردار ادا کیا، آپ نے بطور وزیراعظم اختیارات کا غیر آئینی استعمال کرکے ملک کو سیاسی بحران کی طرف دھکیلا۔ خط میں وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ آپ اور آپ کے بیٹے، مریم نواز اور نوازشریف اورخاندان کے دیگر افراد پر مجرمانہ کیسز ہیں، ملک کی بدقسمتی ہے کہ آپ اور آپ کا بیٹا ضمانت پر ہونے کے باوجود اہم عہدوں پر ہیں۔متن میں کہا گیا کہ کوئی طاقت مجھے آپ کے بیٹے کے غیر آئینی اقدامات کو روکنے سے منع نہیں کر سکتی، میں تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آئین پاکستان کی حفاظت کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں