وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کے مجوزہ پروگرام کا جائزہ

لاہور(گلف آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے چولستان میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔چولستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بارش میں اضافہ کرنے کے مجوزہ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں سولر واٹر پلانٹس لگانے کا پروگرام بنایا ہے۔

سولر واٹر پلانٹس سے انسانوں کے ساتھ جانوروں کو بھی پانی فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے امور کو جلد حتمی شکل دی جائے۔یہ نیکی کا کام ہے، قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر تیزی سے آگے بڑھا جائے۔انہوں نے کہا کہ چولستان میں شیڈز میں ائیر کولر لگانے کا بھی جائزہ لیا جائے۔

نہر سے چولستان میں پانی کی سپلائی کے آپشن پر غور کیا جائے۔اس اقدام سے ناصرف پانی کی قلت دور ہو گی بلکہ کھیتی باڑی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چولستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بارش بڑھانے کا پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے اور آئندہ ہفتے ٹائم لائن کے ساتھ فائنل پلان پیش کیا جائے۔44 ایمبولینس، موبائل سکولوں میں اضافے کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی مشاورت سے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔اجلاس میں سینٹر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔کمشنر بہاولپور ڈویژن، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی، ڈپٹی کمشنر، چیف انجینئر آبپاشی، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں