عالمی نمائش

عالمی نمائش کے تیاریوں کیلئے فنڈز جلد ریلیز کئے جائیں ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن کا مطالبہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے رواں سال ستمبر میں لاہور میں منعقدہو نے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے تیاریوں کیلئے فنڈز جلد ریلیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بغیر غیر ملکی خریداروں کو حتمی پیکج کی پیشکش نہیں کی جا سکتی،بیرون ممالک ابتدائی رابطے مکمل ہو گئے ہیں اور غیر ملکی خریداروں کی جانب سے مثبت رد عمل ظاہر کیا گیا ہے،ایسوسی ایشن کورونا وباء کے بعد منعقد ہونے والی عالمی نمائش کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہے اور اس کے لئے اپنے طور پر بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اعجا زالرحمان ،سینئر رہنماعبد اللطیف ملک، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان، اکبر ملک، عثمان اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران شرکا ء کی جانب سے نمائش کی ابتدائی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ فی الفور فنڈز ریلیز کئے جائیں تاکہ غیر ملکیوں سے ہونے والے ابتدائی رابطوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔ میجر (ر) اختر نذیر نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش سے ہمار ی انڈسٹری کو تقویت ملے گی۔ حکومت اور متعلقہ اداروںکو چاہیے کہ برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کے تناظر میں ہماری معاونت اور سرپرستی کرے تاکہ نمائش کے سو فیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔انہوں نے تمام شرکا پر زور دیا کہ نمائش میں معیاری اور جدید ڈیزائنوں سے مزین مصنوعات کو ڈسپلے کیا جائے،معیار اور ڈیزائن کے اعتبار سے ہماری مصنوعات دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں تاہم انہیں مارکیٹنگ کی اشد ضرورت ہے اور عالمی نمائش اس کیلئے بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔اس موقع پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں