پاکستان

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بھارتی مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے، پاکستان

اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان نے کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کے غیر ضروری اور مکمل طور پر ناقابل قبول بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بھارتی وزیر نے اپنے بیان میں تنازعہ جموں و کشمیر کے بارے میں مصدقہ تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کودھمکیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی سینئر بھارتی سیاست دان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی جائز، مقامی اور منصفانہ جدوجہد آزادی پر تنقید کرنے کی کوشش کی ہو۔بھارت کے سیاسی رہنمامقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے ۔

ترجمان نے بھارت کو خود کا جائزہ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کالے قوانین نافذ کرنے، پوری وادی کو دہائیوں تک فوجی محاصرے میں رکھنے، ہزاروں بے گناہ کشمیریوں اور ان کے حقیقی نمائندوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دریغ قتل کرنے کے باوجود بھارت کیوں کشمیریوں کے دل سے آزادی کی شمع نہیں بجھا سکا۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت کو تاریخ یاد کرنے کی ضرورت ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حق خود ارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر جاری مظالم اور مقبوضہ جموں و کشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کا حامی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ہم کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہم نے ماضی قریب سمیت متعدد مواقع پر اس سلسلے میں اپنے عزم اور صلاحیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں