ورلڈ کپ

ورلڈ کپ، آسٹریلیا آل راؤنڈرز کی فوج تیار کرے گا

کراچی(گلف آن لائن) ون ڈے ورلڈکپ کیلئے آسٹریلیا آل راؤنڈرز کی فوج تیار کرے گا آئندہ برس میگا ٹرافی جیتنے کیلئے انگلش’ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ میں 4 برس تک عمدہ کارکردگی کے بعد 2019 میں ورلڈ کپ جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی، سیمی فائنل میں اس نے آسٹریلیا کو مات دی جبکہ نیوزی لینڈ سے میچ اور سپراوور ڈرا ہونے پر زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر فاتح قرار پایا، اس کے اسکواڈ میں بین اسٹوکس، معین علی اور کرس ووئکس کی صورت میں آل راؤنڈرز کے ساتھ لیام پلنکٹ اور عادل رشید جیسے بولرز بھی موجود تھے جو آخر میں بیٹنگ بھی کرسکتے تھے۔

آسٹریلیا نے بھی آئندہ برس بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلش حکمت عملی اختیار کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔زمبابوے سے پہلے ون ڈے میں برق رفتار اننگز کھیلنے والے گلین میکسویل نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے، کہاکہ ہم نے دیکھا کہ انگلینڈ نے ون ڈے فارمیٹ میں 10 ویں اور 11 ویں نمبر پر بھی بیٹنگ کرکے کامیابی حاصل کی، ان کے پاس ایسے بولر تھے جوکہ اننگز کے آخر میں بیٹنگ بھی کرلیتے، اب یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم بھی ان کا ہی طریقہ اختیار کریں، 2015 میں ہم نے ایک معیار قائم کیا کہ ون ڈے فارمیٹ میں کیسے کھیلنا چاہیے اور باقی ٹیموں نے اس کی نقل کی اور اب انگلینڈ نے بتادیا ہے کہ اس طرز میں آگے بڑھنے کا طریقہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں