وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم سے کرائسز مینجمنٹ کیلئے یورپی کمشنر کی ملاقات ، دوطرفہ تجارت پر گفتگو

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ امید ہے عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں تعاون کے ذریعے سیلاب کے منفی نتائج کو کم کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کرائسز مینجمنٹ کے لیے یورپی کمشنرJanez Lenarcic نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعظم نے Janez Lenarcicکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار، امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے دوران یورپی یونین کی مدد کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے سیلاب سے فصلوں، مکانات، مویشیوں اور اہم انفراسٹرکچر کو ہونے والی تباہی کے ساتھ ساتھ سولہ سو سے زائد افراد کی ہلاکت کی تفصیلات بھی بتائیں۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں سب سے کم حصہ دار ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں تعاون کے ذریعے سیلاب کے منفی نتائج کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت کی طرف سے جاری ریسکیو، مدد اور بحالی کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کیلئے ہنگامی اقدامات اور سیلاب متاثرین کو ریلیف اور بحالی کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کا قیام بھی شامل ہے۔ مزکورہ فنڈ میں ملکی اور بین الاقوامی دونوں ذرائع سے عطیات وصول کئے جا رہے ہیں۔

دونوں اطراف کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رہے گا تاکہ 2023 کے بعد جی ایس پی پلس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں