لاہور ہائیکورٹ

خوف کی علامت بننے والے بدمعاش پولیس افسروں کو دیوار سے لگادیں گے ‘لاہور ہائیکورٹ

لاہور( گلف آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی حراست میں رکھے گئے تین افراد کو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ لاہور پولیس بدمعاش بن چکی ہے، ایک اشتہاری کو پکڑنے کے لیے پولیس نے پورے خاندان کا جینا حرام کر رکھا ہے،خوف کی علامت بننے والے بدمعاش پولیس افسروں کو دیوار سے لگادیں گے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

عدالت عالیہ میں معزز جسٹس سرفراز ڈوگر نے تین شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز، ایس پی سی آئی اے، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ، اس اچ او مناواں سہیل اور ایس ایچ او باٹا پور دانیال عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی طرف سے فیصل باجوہ ایڈووکیٹ اور شہزاد سلیم وڑائچ پیش ہوئے۔وکیل درخواست گزار کے مطابق میرے دو بیٹوں اسد اور علی رضا اور بھائی سلیم کو پولیس نے اٹھایا، مغوی تینوں افراد کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا، پولیس نے مغویوں کو حراست میں لیتے وقت فیملی کے سامنے ننگا کرکے تشدد کیا۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے پولیس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایس ایچ او مناواں اور باٹاپور اتنے طاقتور ہوگئے ہیں کہ کوئی جج آپکے خلاف کیس نہیں سنتا، لاہور پولیس بدمعاش بن چکی ہے، ایک اشتہاری کو پکڑنے کے لیے پولیس نے پورے خاندان کا جینا حرام کر رکھا ہے۔عدالت نے ایس پی سی آئی اے پر سخت اظہار برہمی کیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور افضال کوثر نے کہا کہ میں پولیس افسران کی غلطی کا اعتراف کرتا ہوں۔جس پر جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ ڈی آئی جی صاحب اپنے افسروں کو عدالتوں میں پیش ہونا سکھائیں، ایک بات یاد رکھیں سی آئی اے ریگولر پولیس نہیں ہے۔دوران سماعت ایس پی سی آئی اے عدالت سے اپنی غلطی کی بار بار معافی مانگتے رہے۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ اتنے بڑے بدمعاش پولیس افسر ہیں جس کا دل کرتا ہے شہریوں کو اٹھا لیتا ہے، ایس پی سی آئی اے کا بیان احمکانہ ہے سارے ڈوگر ایک جیسے نہیں ہیں، بدمعاشی کرنی ہے تو پھر ایسے پولیس افسر اس محکمے میں نہیں رہیں گے۔جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ لاہور پولیس بدمعاش کے ہاتھوں میں ہے ، خوف کی علامت بننے والے بدمعاش پولیس افسروں کو دیوار سے لگادیں گے ،کرپٹ پولیس افسروں کی نوکریاں کھا جائوں گا۔بعدازاں معزز عدالت نے غیر قانونی حراست میں رکھے گئے تین افراد کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں