مہنگائی کی شرح

ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.40 فیصد کی معمولی کمی

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 9 کی قیمتوں میں کمی آئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.40 فیصد کی معمولی کمی آئی، اور سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 29.42 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ مہنگی،9 کی قیمتوں میں کمی آئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر 36 روپے فی کلو سستے ہوئے، اور اس کی اوسط قیمت 127 سے 90 روپے پر آگئی، جب کہ آلو 12 روپے فی کلو سستے ہوئے، اور اوسط قیمت 61 روپے کلو رہی۔ رپورٹ کے مطابق انڈے ساڑھے 7 روپے درجن سستے ہوکر276 روپے فی درجن فروخت ہوئے، جب کہ گھی، کوکنگ آئل، دال مسور، دال ماش اور دال چنا معمولی سستی ہوئی۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں زندہ برائلر چکن 17 روپے کلو مہنگا ہوا اور اس کی قیمت 300 روپے سے تجاوز کرگئی، پیاز 4 روپے فی کلو مہنگی ہوئی اور اس کی اوسط قیمت 215 روپے کلو رہی۔ رپورٹ کے مطابق 20 کلو گندم کا آٹا 1524 سے بڑھ کر 1557 روپے کا ہوگیا، چینی بھی 1 روپے 23 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی اور 95 روپے 29 پیسے میں فروخت ہوئی۔ لکڑی، ایل پی جی، نمک، کیلے، لہسن، دودھ، سگریٹ اور گڑ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ وفاقی ادارہ شمارت کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے خورونوش کے نرخوں میں استحکام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں