کارپٹ

کارپٹ ایسوسی ایشن کا وفد بین الاقوامی نمائش ”ڈومو ٹیکس ” میں شرکت کیلئے جرمنی روانہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کاوفد جرمنی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ”ڈومو ٹیکس ” میں شرکت کیلئے روانہ ہو گیا ،نمائش میں پاکستانی مصنوعات کے سٹالز لگانے کے علاوہ دو طرفہ تجارت کے فروغ اور دوسرے ممالک کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی کی جائیں گی ۔ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے وفد کے ہمراہ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھرپور تیاری کے ساتھ نمائش میں شرکت کر رہے ہیں اور اس دورے میں سو فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نئی منڈیوں کی تلاش ہے اور اس کیلئے دنیا بھر سے آئے ہوئے خریداروں سے وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور انہیں دو طرفہ تجارت کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ نمائش میں پاکستانی سٹالز کیلئے انتہائی دیدہ زیب ڈیزائن کی حامل کارپٹ مصنوعات کا چنا ئوکیا گیا ہے جنہیں یقینی طو رپر پذیرائی ملنے سے ہماری انڈسٹری کو بھی تقویت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی کارپٹ مصنوعات کی بڑی مانگ ہے لہٰذاحکومت سے مطالبہ ہے کہ انڈسٹری کی سرپرستی کرے جس کے ہماری معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنی مصنوعات کیلئے نئی منڈیا ں تلاش کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت تمام بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کو یقینی بنانے کی پالیسی بنائے ۔انہوں نے کہاکہ نمائش میں شرکت کے بعد اس کی مفصل رپورٹ بنا کر ایسوسی ایشن کے اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دنیا بھر میں ہونے والے اس طرح کے ایونٹس میں پاکستانی مندوبین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانا چاہیے جس کے برآمدات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں