وزیر اعظم شہبازشریف

سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ،وزیر اعظم شہبازشریف کی سعود ی فنڈ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔12جنوری(گلف آن لائن)وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے،ہے،پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے چار رکنی وفد سے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان المرشد کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کے عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں