فیصل آباد

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ،سیکنڈ و کمپوزٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا

مکوانہ (گلف آن لائن)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ،سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ)سالانہ 2022 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔نتائج کی سادہ و پروقار تقریب ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی،پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد، پی آر اورضوان احمد جوئیہ،ایس ایچ ٹی آفتاب احمد اور سید ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10بجے دن کمشنر سلوت سعید نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pkپر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔کنٹرولر امتحانات نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ،سیکنڈ و کمپوزٹ(سیکنڈ)سالانہ 2022 میں کل12797طلبا وطالبات شریک ہوئے جن میں سے4579پاس ہوئے اورکامیابی کا تناسب35.78فیصد رہا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلبا وطالبات کیلئے 44 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔

چیئرپرسن بورڈ/کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط،محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالی کل وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اور غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلبا وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔

سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ2023 انشا اللہ20مئی 2023 سے شروع ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم7فروری تا 7مارچ، دوگنا فیس کیساتھ8تا 16مارچ اور تین گنا فیس کے ساتھ17تا 22مارچ 2023 تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کرائے جا سکیں گے تاہم اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات کے دفتری فون نمبر0412517710پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں