وزیراعظم

وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور پرائس کنٹرول بارے اجلاس

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی حکومتوں کی اولین ذمے داری ہے۔پیرکووزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی حکومتوں کی اولین ذمے داری ہے تاہم بنیادی اشیائے خورد و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی کسی بھی قسم کی کمی نہیں۔شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔وزیراعظم نے سپلائی چین کو موثر بنانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے اوررمضان المبارک کے دوران اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے صوبوں کو ٹھوس حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، رمضان بازاروں میں سیکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ ملک میں اشیائے خور و نوش کی کوئی کمی نہیں اور عوام تک گندم ، دالوں، خوردنی تیل سمیت دیگر اشیا کی ترسیل کیلئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں