عبدالقادر پٹیل

انسداد پولیو مہم میں 21 ملین سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 21 ملین سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے پانچ روزہ پولیو مہم دو مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع ، سندھ کے 16 اضلاع اور اسلام آباد میں 5 سال سے کم عمر کے 17.41 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی سات اضلاع میں 4.12 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کوپولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ رمضان اور عید قریب آنے کے ساتھ آبادی کی نقل و حرکت وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو نہ صرف اس مہم میں بلکہ ہر مہم میں انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں