پرنس ولیم

پرنس ولیم سے ملاقات میں سیف علی خان کے شاہی خاندانی پس منظر کا بھی ذکر

ممبئی (نمائندہ خصوصی) برطانیہ کے شہزادے پرنس ولیم نے دورۂ بھارت کے دوران ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں فلمساز کرن جوہر، اداکارہ کرینہ کپور خان اور معروف اداکار سیف علی خان نے ان کا استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران فلموں، ثقافتی تبادلے اور کرکٹ سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی، جبکہ سیف علی خان کے خاندانی شاہی پس منظر کا تذکرہ بھی کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ پرنس ولیم نے ان کے شاہی خاندانی پس منظر کا ذکر کیا تھا، جس پر انہوں نے وضاحت کی کہ بھارت میں اب کوئی شاہی نظام باقی نہیں رہا اور ملک اس سے آگے بڑھ چکا ہے۔

اداکار کے مطابق اس موقع پر ان کے والد اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، سیف علی خان نے بتایا کہ گفتگو کے دوران برطانیہ اور بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے تجربات کا ذکر بھی ہوا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کے درمیان تعاون، فلموں، موسیقی اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اداکار نے بالی ووڈ اور برطانوی سنیما کے درمیان مستقبل میں مشترکہ کام کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پرنس ولیم کا دورۂ بھارت ’’ارتھ شاٹ پرائز‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں ہے، جس کے دوران انہوں نے ممبئی میں مختلف ثقافتی اور فلاحی مراکز کا دورہ کیا اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں