بلیغ الرحمن

ملک و قوم کی ترقی آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ممکن ہے’بلیغ الرحمن

لاہور(گلف آن لائن)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پاکستان مسلم لیگ (ن)یو اے ای کے نائب صدر اور سابق کونسلر طارق مغل کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ اور قوم کا فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں آگے بڑھ کر ہم وطنوں کی مدد کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر بھیج کر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نفرتوں کو ترک کرکے محبت اور مثبت رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ممکن ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملکی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر اور عام دنوں میں عوام اور پارٹی کارکنوں کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے کھولنا بہت اچھا اقدام ہے۔وفد میں شارق مغل، ایم اسلام اور مزمل اسحاق بھٹی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں