جمشید اقبال چیمہ

مہنگائی میں دنیا میں پہلے نمبر پر آنے پر موجودہ ٹولے کو لانے والے مبارکباد کے مستحق ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مہنگائی میں پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے اس لئے موجودہ ٹولے کو لانے والے مبارکباد کے مستحق ہیں ،اگلے سال دنیا میں مہنگائی کی شرح 4فیصد تک آ رہی ہے جبکہ پاکستان میں یہی ٹرینڈ رہنے کی پیشگوئی ہے ،ترسیلات زر، ایکسپورٹ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی کے رجحان کے باعث ایک سال میں پاکستان کی آمدن تقریباً14ارب ڈالر کم ہونے جارہی ہے ،

تمام دوست ممالک اور معاونت کرنے والے عالمی ادارے بھی مدد کریں تو 14ارب ڈالر نہیں مل سکیں گے۔ جیل روڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے فوکل پرسن جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلط ٹولہ یہ کہہ رہا تھاکہ پاکستان سری لنکا نہیں ہے ، آج سری لنکا میں مہنگائی کی شرح 15فیصد ہے ، یمن 20فیصد پر ہے ، برما جہاں جنگ لگی ہوئی ہے وہاں اس کی شرح 11فیصد پر ہے ، بنگلہ دیش 8اور بھارت میں4.8فیصد پر ہے ،ادارہ شماریات کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 49فیصد ہے

جبکہ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح 60فیصد سے اوپر ہے ۔ گزشتہ سال فروری کی رپورٹس دیکھ لیں پاکستان میں مہنگائی کی شرح دنیا کے لگ بھگ تھی جو 10.6فیصد کی سطح پر تھی ، اس سال دنیا میں یہ شرح 6 فیصد پر آرہی ہے اور اگلے 4فیصد پر آرہی ہے جبکہ پاکستان میں یہی ٹرینڈ رہنے کی پیشگوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیڈ مہنگی ہونے سے سبزی ، دودھ ، گوشت سب مہنگے ہوئے ہیں ،جب خوراک اور ٹرانسپورٹ مہنگی ہوتی ہے تو اس سے لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جاتے ہیں ، پہلے ہی 2 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے گئے ہیں اور اگلے سال مزید دو ڈھائی کروڑافراد اس لکیر سے نیچے چلے جائیں گے ،

اگلے سال بھی انڈسٹری ریورس ہوتی نظر آرہی ہے ، اس سال خام مال اور مشینری کی امپورٹ میں20فیصد کمی ہوئی ہے ۔یہ کہا گیا تھاکہ شہباز شریف اور اسحاق ڈار بڑے لائق ہیں ، یہ کہا گیا کہ مہنگائی عمران خان کر کے گیا ہے لیکن انہیں کوئی بتائے کہ 13مہینے سے حکومت آپ کی ہے اور مہنگائی 60فیصد سے اوپر ہو چلی گئی ہے ، لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں،ایک سال پہلے پاکستانیوں کی فی کس آمدنی 1613ڈالر تھی جو اب کم ہو کر 1399ڈالر پر آ گئی ہے ۔یہ پراپیگنڈا کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بڑا قرضہ لیا ، گزشتہ سال 5407ارب قرضوں اور سود کی واپسی کی مد میں جارہا تھا آج ان کے دور میں 8557ارب روپے جارہے ہیں ،

گزشتہ سال ترسیلات زر 7.6بڑھ رہی تھی اس سال 7.9فیصد کم ہو رہی ہے ، اس لحاظ سے سال میں 3.7ارب ڈالر کم ہوں گے جو ساڑھے 4ارب ڈالر تک جائے گی،ہمارے دور میں ایکسپورٹ28فیصد بڑھ رہی تھی آج9.7فیصد کم ہو رہی ہے جو 8ارب ڈالر سے زیادہ کمی بنتی ہے ،ترسیلات زر، ایکسپورٹ اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو ملایا جائے تو ایک سال میں پاکستان کی آمدن تقریباً14ارب ڈالر کم ہونے جارہی ہے ،ہمار ے دور میں لارج اسکیل مینو فیکچرنگ 7.9فیصد بڑھ رہی تھی اس سال 4.4فیصد کم ہو گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ووٹ مریم بی بی ، بلاول بھٹو یا کسی ادارے کے سربراہ کا مسئلہ نہیں ہے ، یہ 23کروڑ عوام کا مسئلہ ہے ، ووٹ عوام کا بنیاد حق ہے اور انہوںنے یہ حق لینا ہے جو اس میں رکاوٹ بنے گا اسے عوام کے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا،

لوگ اس کا انتظار کر رہے ہیں معاملہ عدالت میں ہے ، مذاکرات ہو رہے ہیں ، جب مذاکرات ناکام ہو گئے اور عدالت کا فیصلہ نہ مانا گیا تو 23کروڑ لوگ آپ کے سامنے کھڑے ہو جائیں گے، سہولت کاروں پر انحصار نہ کریں، آپ نے آئین کو یر غمال بنایا ہوا ہے لیکن لوگ آئین کو آزاد کرائیں گے، جب لوگ آئین کو آزاد کرانے نکلیں گے تو پھر تحریک تیزی سے آگے بڑھے گی ، یکم مئی کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ کسان اور مزدور کے حق کے لئے باہر نکلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں 20 ارب روپے کی کرپشن ہوئی حالانکہ میںنے پہلے کہہ دیا تھاکہ شہباز سپیڈ25 ارب کی دیہاڑی لگائے گا، آج 69 روپے کلو والا آٹا 160 روپے کا ہوگیا ہے،مجھے آٹے کی قیمت 200 روپے کلو تک جاتی نظر آرہی ہے،

آٹے کی لائنوں میں 30 جانیں چلی گئیں،آٹے کی لائنوں میں خواتین پر تشدد ہوا، ہمیں تو شہباز شریف اور بلاول نظر نہیں آتے بلکہ انہیں جو لائے ہیں ہمیں وہ نظر آتے ہیں ،یہ پاکستان کے ساتھ ایک واردات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں تمام فصلوں کی پیداوار زیادہ ہوئی تھی،کپاس 18 فیصد زیادہ پیدا ہوئی ،گندم، چاول، سمیت 8 فصلوں کی دنیا میں سب سے زیادہ پیدا وار ہماری تھی،اس سال ان تمام فصلوں کی پیداوار کم ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں