طلال چوہدری

9 مئی کے واقعات میں کسی بے گناہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جا ئے گی، طلال چوہدری

مکوآنہ (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ9 مئی کے واقعات نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست سے ہمیشہ کیلئے مائنس کردیا ہے، اسلئے اب خواہ کوئی لاڈلا ہو یا کسی کا پروردہ کسی کو معافی نہیں ملے گی اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا۔

وہ فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل9 مئی کی صورتحال کے حوالے سے بہت بات ہورہی ہے اور اس سلسلہ میں دوبارہ زہریلا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور خواتین کو استعمال کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر خواتین کے ساتھ زیادتی جیسے گھٹیا الزام عائد کرنے کی پلاننگ کی جارہی ہے تاکہ پہلے یہ کہا جا ئے کہ ہماری خواتین کے ساتھ بدسلوکی ہور ہی ہے پھر اس کی آڑ میں انسانی حقوق کے اداروں کی ہمدردیاں سمیٹی جائیں

اور عدلیہ پر بھی اثر انداز ہوا جا ئے لیکن جب یہ خواتین زمان پارک سے مکمل ٹریننگ لیکر ایک منصوبہ کے تحت جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے وہاں سے پٹرول بم لیکر نکلتی اور جناح ہاؤس و کور کمانڈر ریزیڈنس سمیت دیگر مقامات پر حملہ آور ہوتی ہیں تو اس وقت یہ لوگ کہاں تھے، ان کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ پہلے یہ خواتین کو استعمال کرتے ہیں، انہیں فرنٹ لائن پر لاکر حملے کرواتے ہیں اور پھر ان کے پیچھے چھپ کر جان بچانے کیلئے انہی عورتوں کا استعمال شروع کردیتے ہیں لیکن اب ہر ہر شخص نے دیکھا اور ان کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ کس طرح ایکٹ کررہی ہیں اسلئے کسی کے ساتھ صرف اسلئے رعایت نہیں برتی جاسکتی کہ وہ عورت ہے،

یا ڈریس ڈیزائنر ہے یا اس کے پاس دوہری شہریت ہے لہٰذا حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی گنہگار ہوگا وہ خواہ کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو اسے نہیں چھوڑا جا ئے گا اور کسی بے گناہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جا ئے گی۔طلال چوہدری نے کہا کہ نو مئی کا پروپیگنڈہ دوبارہ سے کیا جارہا ہے اور اس پروپیگنڈا میں خواتین کو ڈھال بنا یاجارہا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی اور اپنے لیڈر کی جان چھڑوانا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ایک منٹ یا ایک دن میں نہیں بلکہ کئی مہینوں کی تیاری، پلاننگ اور سوچ بچارسے ہوا ہے،اس میں زمان پارک میں لوگوں کو ٹرینڈ کرکے ان کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں لیکن آج کل خواتین کے حوالے سے سٹوریز بنا ئی جارہی ہیں،پی ٹی آئی پہلے بھی خواتین کو ڈھال بناتی رہی ہے اب بھی وہی کررہی ہے،ریاستی ادارہ پرخواتین سے زیادتی کا گھٹیا الزام لگایاجارہا ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ بلوائی ثابت ہونے کے باوجودپی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگا سکتے مگر ہم پوچھتے ہیں کہ کیوں،

ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے کیا کیا تھا انہوں نے بھی ریاستی اداروں پر حملے کئے تھے اور حکومت کی رٹ تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا وہی کام پی ٹی آئی نے کیا ہے صرف نام کا فرق ہے کام دونوں کا ایک ہی ہے لہٰذا اگر ٹی ٹی پی پر پابندی لگ سکتی تو پی ٹی آئی پر بھی لگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان پر پابندی نہ لگی تو کل کو یہ پھر الیکشن میں آئیں گے اور اب جن لوگوں نے جناح ہاؤس، کور کمانڈر کی رہائش گاہ، حساس ادارے کے دفاتر کو نہیں چھوڑا تو کل کو یہ پولنگ سٹیشن یا بیلٹ بکسز کو کیا چھوڑیں گے، جو لوگ پٹرول بم بنانے کے ماہر ہیں ان کے مقابلے میں ہم جیسے لوگ جن کے پاس چھری تک بھی نہیں ان کا کیا بنے گا اسلئے اگر اس کو سزا نہ دی گئی پھر ہمیں بھی کھلی چھٹی دی جائے تاکہ جو یہ کرے ہم بھی اسے وہی کرکے دکھائیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی دہشت گردوں والا کام کیا ہے پھران پر پابندی کیوں نہیں لگ سکتی،انہوں نے بھی ہتھیار اٹھا کر ریاست پر حملے کئے ہیں تو ان پر پابندی میں کیا امر مانع ہے، صرف یہ کہ یہ لاڈلا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی پریس کانفرنس کرنیوالے کو اپنی پارٹی کے پیچھے نہیں چھپنے دیں گے کیونکہ ہمارے پاس اپنے وافر لوگ موجود ہیں اسلئے ہم کسی دوسری پارٹی سے کسی کو نہیں رکھیں گے،یہ چاہتے ہیں کہ جھوٹی کہانیاں بنا کر یہ رہاہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون جب حرکت میں نہ آئے تو اس طرح کے لاڈلے پیدا ہوتے ہیں جو کسی ادارے کا خیال نہیں رکھتے لیکن ب کسی کو کوئی ٹالرنس نہیں ملے گی،گناہگار لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ہیں،پی ٹی آئی خواتین کی ایلیٹ کلاس اپنے آپکو پتہ نہیں کیا سمجھتی ہے جو وسائل رکھتے ہیں اگر ان کو سزا نہ ہوئی تو پھر دوسروں کو بھی چھوڑنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سب پلاننگ زمان پارک میں ہوئی ہے جس کے ثبوت بھی مل گئے ہیں،اب یہ چاہتے ہیں کہ جھوٹے افسانے گھڑ کر یہ رہاہوجائیں،اگر جوڈیشل کمپلیکس جس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی اس میں عمران کو سزا ہوتی تو نو مئی کا واقعہ نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ لاڈلالاہور سے چلتا تھااور اگر کوئی پولیس والا ہاتھ آجاتا تو چھوڑتا نہیں تھا،پٹرول بم چلاتے تھے تو کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا لیکن اب اپنی گھر والی کو سفید چادروں میں لیکر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کو پلان پر ڈیوٹیاں لگانے والا عمران خان اور نو مئی کا سب سے بڑا مجرم یہ ہے جو بی بی سی کو انٹرویو میں کہتا ہے کہ رینجرز نے جب مجھے پکڑا تھا تو یہی ہونا تھا،بی بی سی کو انٹرویو میں کہتا ہے کہ اس میں میرا کوئی ہاتھ نہیں بلکہ یہ سب میری پارٹی، جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنے طور پرکیا ہے اس طرح یہ اپنی جان چھڑوانے کی کوشش کررہا ہے حالانکہ یہی اس منصوبہ کا ماسٹر مائنڈ ہے جو کئی مہینوں سے اس واردات کی پلاننگ کر اور زمان پارک میں لوگوں کو ٹریننگ دے رہا تھا جس کے سہولت کار صرف پاکستان میں ہی نہیں انڈیا،

اسرائیل اور دیگر ممالک میں بھی ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ یہ پڑھے لکھے لوگوں کا مستقبل تباہ کررہاہے،یہ اپنی جان چھڑوا کر چاہتا ہے کہ لوگوں کو سزا ہوتی ہے تو ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پریس کانفرنسز کرکے یہ سمجھ رہے ہیں کہ جرم سے ان کی جان چھوٹ جائے گی لیکن اگر کسی نے بھی دہشت گردانہ کاروائیوں اور بلوؤں میں کوئی حصہ ڈالا ہے،یاوہ جناح ہاؤس کو جلانے میں ملوث ہیں تو وہ چاہے جتنی مرضی پریس کانفرنسز کرلیں ان کو معافی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بس پہلے ہی فل ہے بلکہ کئی سواریاں کھڑکیوں اور دروازوں میں بھی لٹکی ہوئی ہیں اسلئے ہمیں کسی شرپسند کو اپنی پارٹی میں لینے کی نہ کوئی ضرورت ہے نہ ہی جلدی ہے جبکہ ہمارے پاس ہماری ایک ایک سیٹ پر کئی کئی امیدوارموجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان سے لاڈلے والا رویہ ترک کرکے اسے قرار واقعی سزا دی جائے اور اس کی پارٹی پر پابندی لگائی جا ئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں