شاہ محمود

سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں ، آئی ایم ایف سے 9 ماہ کیلئے ایک معاہدہ ہوا جس سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، سوال یہ ہے ؟ کیا یہ ایک حل ہے، چند ماہ بعد کیا ہوگا؟ ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، سویڈن واقعہ پر عالم اسلام میں اضطراب ہے، ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دل آزاری کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں اسلاموفوبیا کی نشاندہی کی تھی، ہم نے اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائی، فیصلہ ہوا اسلاموفوبیا کے خلاف پوری دنیا میں یک زبان ہو کر بات کی جائے گی، مذمتی قرار داد ناکافی ہے، ہمیں سوچنا ہوگا اس عمل پر انٹرنیشنل لا کیا کہتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حدودو قیود کا تعین ہونا چاہیے، میں اظہار رائے کا خواہش مند ہوں، جو کسی کی جان کو خطرے سے دوچار کردے وہ کس قسم کا اظہا ر رائے ہے، پوری قوم کو یکجا ہونا چاہیے، پرامن طور پر جمعہ کی نماز کے بعد اظہار کرنا چاہیے، ہم پرامن لوگ ہیں، لیکن اس کا کوئی متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

ان کا کہا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، کیا یہ ایک حل ہے، چند ماہ کے بعد کیا ہوگا؟ ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہوگا، اگر آگے نہیں جائیں گے تو ماضی میں بھی معاہدے کئے جن کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی لائحہ عمل کے بارے میں غورو خوض کرتی ہے، ہم سیاسی، قانونی اور پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز ہیں وہ بھی عدالت میں حاضر ہو رہے ہیں، میرے کیسز ہیں میں عدالت میں حاضر ہو رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں