عمران فرحت

پاکستان کے پاس بھارت سے زیادہ بہتر اسپنرز ہیں، عمران فرحت

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عمران فرحت نے رواں برس کے آخر میں بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت ٹاکرے کے فاتح کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے پاس بھارت سے زیادہ بہتر اسپنرز ہیں۔

عمران فرحت نے ایک انٹرویومیں کہاکہ مجھے لگتا ہے بھارت اور پاکستان کے درمیان اس میچ میں پاکستان جیت جائے گاکیونکہ ہمارے پاس بھارت سے بہتر ون ڈے ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میچ میں بولنگ اہم ہوگی جو مرکزی کردار ادا کرے گی، ہمارے پاس بہتر اسپنرز اور تیز گیند باز ہیں، ہمارے پاس اچھے بیٹرز بھی موجود ہیں جنہیں بیٹنگ کی بنیادی اہم باتوں کا علم ہے، دوسری طرف بھارتی کھلاڑی بہت زیادہ T20 کرکٹ کھیلتے ہیں، اسی لیے انہیں اْس کا تجربہ ہے۔

سابق بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بھارتی مڈل آرڈر بیٹر یووراج سنگھ کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بھی کْھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ یووراج کے والد کے بھی انتہائی قریب تھے۔عمران فرحت نے کہاکہ میری یووراج سنگھ کے ساتھ بہت اچھی دوستی تھی تاہم میرا ان کے والد کے ساتھ اور بھی بہتر رشتہ تھا، یووراج کے والد کا چندی گڑھ میں ایک پیٹرول پمپ اور ایک ریسٹورینٹ تھا، ہم اپنے دوروں کے دوران وہاں بیٹھ کر ان کے ساتھ ثقافت اور روایات کے بارے میں بات کرتے تھے’۔

واضح رہے کہ عمران فرحت نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 40 ٹیسٹ، 58 ون ڈے انٹرنیشنل اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، انہوں نے اپنے کیرئیر میں چار سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کے ساتھ تمام فارمیٹس میں 4195 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان 15 اکتوبر کو (تبدیلی سے مشروط) نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے جو کہ 19 نومبر تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں