عبدالعلیم خان

ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے نوجوانوں کیساتھ ہاتھ کیا گیا’عبدالعلیم خان

لاہور ( گلف آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے نوجوانوں کے ساتھ ہاتھ کیا گیا۔لاہور میں عبدالعلیم خان سے ڈاکٹروں کے وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ نمل اور شوکت خانم کا ماڈل دکھا کر بزدار اور فرح گوگی کو لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جان بوجھ کر کرپٹ، نالائق اور نااہل لوگوں کا انتخاب ہوا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنی زندگی آسائش سے گزارنا آسان اور ملکی خدمت کا راستہ مشکل ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک نیچے جارہا ہو اور ہم سب تماشہ دیکھتے رہیں۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں تو اس سے بڑی اور کوئی عوامی خدمت نہیں ہو سکتی، اصل چیلنج یہی ہے کہ یوتھ مخلص ہو کر ملک و قوم کے لیے عملی کام کرے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم وہی وعدے کریں گے جو حقیقت پسندانہ اور قابل عمل ہوں، استحکام پاکستان پارٹی یوتھ کے لیے خصوصی ممبرشپ شروع کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں عبدالعلیم خان نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کو 65ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی، ان کی جرت اور بہادری کو سلام۔

اپنا تبصرہ بھیجیں