عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023 ء پر حمایت کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد(گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023 ء پر حمایت کی یقین دہانی کرادی ۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے ملاقات میں میڈیا ورکرز ، صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا ۔صدر مملکت نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہاکہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے انکے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ عارف علوی نے کہاکہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز ، ڈس انفارمیشن بارے آگاہ کرے۔ صدر مملکت نے کہاکہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں ۔ صدر مملکت نے کہاکہ سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیش رفتوں کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں۔

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے۔ عا رف علوی نے کہاکہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات ، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال بارے بتائے ۔وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا ۔ وفد نے کہاکہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔وفد نے صدر مملکت کی جانب سے حمایت ، میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں