سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے 20 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر 22 ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی

کراچی (گلف آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے 20 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر 22 ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔سندھ ہائیکورٹ میں 20 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت پولیس اور لاپتا افراد سراغ لگانے سے متعلق تشکیل دی گئی جے آئی ٹیز حکام پر برہم ہوگئی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ 26 ، 26 جے آئی ٹیز اجلاس کے باوجود لاپتا افراد کا سراغ نہیں لگایا جاسکا؟ ہمیں کارکردگی سے بتائیں لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیئے گئے؟ تفتیشی افسر، فوکل پرسن محکمہ اور سرکاری وکیل خاموش رہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس میں کہا کہ اس طرح کام نہیں چلے گا۔ عدالت نے جے آئی ٹی سربراہ کو طلب کرلیا۔

عدالت نے وفاقی سیکریٹری خارجہ اور دیگر کو بھی تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چاروں صوبوں میں کراچی سے لاپتا افراد کا سراغ لگا کر رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو بھی سنجیدگی سے معاملے پر توجہ دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے 22 ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں