modi-sarkar

مودی حکومت کا بھارتی آئین میں انڈیا کا نام تبدیل کر کے بھارت رکھنے کا فیصلہ

نئی دہلی (گلف آن لائن)مودی حکومت نے بھارتی آئین میں انڈیا کا نام تبدیل کر کے بھارت رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے مودی حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں تجویز سامنے لاسکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کا سیشن 18 سے 22 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں بھارتی آئین میں انڈیا کا مطلب بھارت میں ترمیم کی جائے گی اور اس کا نام صرف ری پبلک آف بھارت رکھا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا کا نام بھارت رکھنے کا مطالبہ پورا کرنے کےلئے آئین میں ترمیم کی جائے گی جس کے لیے مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں ایک قرارداد لاسکتی ہے۔

حال ہی میں بی جے پی راجیہ سبھا کے رکن نریش بنسل نے آئین سے انڈیا کا لفظ ختم کر کے بھارت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لفظ انڈیا نوآبادیاتی غلامی کی علامت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے وزیراعظم، صدر اور نائب صدر کو لے جانے والے خصوصی طیارے کا نام بھی بھارت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صدر نے جی 20 وفد کے لیے راشٹرپتی بھون سے عشائیے کا دعوت نامہ جاری کیا ہے جس میں پریذیڈنٹ آف انڈیا کے بجائے پریذیڈنٹ آف بھارت لکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں