najam-sethi

کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور ہارنے سے ڈرتا ہے؟ ایشیاءکپ کولمبو سے شفٹ نہ کرنے پر نجم سیٹھی کا سوال

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے سوال کیا ہے کہ کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور شکست کھانے سے ڈرتا ہے؟۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر) پر اپنے بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ’ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بتایا تھا کہ بارش کی پیشنگوئی کی وجہ سے سپر 4 میں اتوار کو ہونے والا پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،

ایک گھنٹے کے اندر ہی انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور میچ کولمبو میں ہی کروانے کا اعلان کر دیا۔نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟، کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور شکست کھانے سے ڈرتا ہے؟،

سابق چیئرمین پی سی بی نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں آئندہ دنوں میں کولمبو اور ہمبنٹوٹا میں ہونے والی بارشوں کی پیشنگوئی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اے سی سی کی جانب سے ای میل کر کے سب کو آگاہ کیا گیا تھا کہ سپر فور مرحلے کے میچز پہلے سے طے کردہ شیڈول کے مطابق کولمبو میں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں