asif-zardari

پیپلزپارٹی جمہوریت کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کریگی ،آصف علی زرداری

لاہور (گلف آن لائن) سابق صدر مملکت و پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کریگی اور نوجوانوں کو شاندار اور باوقار مقام دے گی ،بلاول اپنے نانا شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر کا جذبہ ہے ۔

انہوں نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا جمہوریت پر پختہ یقین ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے لئے جدوجہد میں جتنی قربانیاں دی ہیں اس کی دنیا کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔پاکستان میں جمہوریت کا سورج جب بھی طلوع ہوا ہے گڑھی خدا بخش کے قبرستان سے شہیدوں کے خون کی لالی کے ساتھ طلوع ہوا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آج نوجوانوں کا دور ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی نوجوان ہیں، وہ بہتر جانتے ہیں کہ کیسے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیئے جائیں،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سیاست کے محور کچلے ہوئے طبقات ہیں، بلاول اپنے نانا شہید قاد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر کا جذبہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت باوقار اور مہذب معاشرہ کی ضمانت ہے یہ ایسی روشنی ہے جو ترقی کی منزلوں کا راستہ دکھاتی ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے تختہ دار اور بارودی سرنگیں عبور کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی مگر جمہوریت کا پرچم مضبوطی سے تھام رکھا،جیل کی مشکلات برداشت کی اپنے جسموں پر کوڑے برداشت کیے مگر جمہوریت کیلئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کریگی اور نوجوانوں کو شاندار اور باوقار مقام دے گی جس کے وہ حقدار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں