صدر مملکت

بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے تحریک ِ انصاف کے خدشات پر غور کریں ، صدر کا نگران وزیراعظم کو خط

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط لکھ کرنگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہا ۔ ایوان صدر سے جار ی اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے صدر کو خط بھی نگران وزیر اعظم کو ارسال کیا ۔ عارف علو ی نے کہاکہ نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بے حداہم ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے ، عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور رہنمائوں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ صدر مملکت ریاست کے سربراہ کے طور پر جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں، آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں ۔ صدر مملکت نے کہاکہ اسی وجہ سے پاکستان تحریک ِ انصاف کے الزامات پر مشتمل خط آپ کو ارسال کررہا ہوں۔ عارف علوی نے کہاکہ سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی ، لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں بدل جانے پر ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں ۔

صدر مملکت نے کہاکہ خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی یا عدالت کی جانب سے ریلیف کے بعد بار بار دوبارہ گرفتاریاں معاملے کو مزید حساس بنا دیتی ہیں۔صدر مملکت نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے ،آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے ۔صدر مملکت نے کہاکہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادی اظہارِ رائے کے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے ، نگران وزیر اعظم ، حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ، ان معاملات پر غور کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں