ڈبلیو ایچ او

دسمبر کے دوران کووڈ19سے 10ہزار اموات ہوئیں،سربراہ عالمی ادارہ صحت

جنیوا(گلف آن لائن)عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کووڈ19سے تقریباً 10ہزار اموات ہوئی ہیں جبکہ دنیا کے 50ممالک میں ہسپتالوں میں لائے جانے والے افراد کی تعدا د میں 42فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے جنیوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2023میں کووڈ19سے دس ہزار اموات اگرچہ اس عالمگیر وبا کے عروج میں ہونیوالی ماہانہ اموات سے کم ہیں لیکن پھر بھی قابل قبول نہیں اور ان لوگوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023کے دوران دنیا کے 50ممالک میں ہسپتالوں میں لائے جانے والے افراد کی تعدا د میں42فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ یہ زیادہ تر امریکا اور یورپ میں ریکارڈ کیا گیا جہاں اس حوالہ سے اعداد و شمار دستیاب ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے ممالک کی حکومتوں سے کووڈ19کے حوالہ سے نگرانی جاری رکھنے اور علاج اور ویکسین تک مسلسل رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے بتایاکہ کووڈ19کا جے این ،ون ویریئنٹ اب دنیا میں سب سے نمایاں ہے۔عالمی ادارہ صحت کی عہدیدار ماریا وان کرخوف نے بتایا کہ دنیا بھر میں فلو، رائنو وائرس اور نمونیا سمیت سانس کی بیماریوں میں اضافہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے اہلکار تجویز کرتے ہیں کہ لوگ جب ممکن ہو ویکسی نیشن کروائیں ، ماسک پہنیں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جن مقامات پر وہ موجود ہیں وہ اچھی طرح سے ہوادار ہوں۔

عالمی ادارہ صحت کے ایک اور عہدیدار ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہاکہ ویکسینز کسی کو انفیکشن ہونے سے نہیں روک سکتیں، لیکن یہ یقینی طور پر لوگوں کے ہسپتال میں داخل ہونے کی صورتحال یا موت کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں