مریم اورنگزیب

بلاول بھٹو تہذیب میں رہ کر اپنی کارکردگی پر بات کریں، کوئی بھی آپکی ذاتیات کی سیاست نہیں سننا چاہتا’مریم اورنگزیب

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی زبان پر افسوس ہے، وہ تہذیب میں رہ کر اپنی کارکردگی پر بات کریں ، کوئی بھی آپ کی ذاتیات کی سیاست نہیں سننا چاہتا،بانی پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کا کلچر شروع کیا تھا، چیئرمین پیپلزپارٹی کون سی ترقی لے کر سندھ سے پنجاب آرہے ہیں؟ ۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں اشتعال انگیز گفتگو کے کیس میں لیگی رہنما مریم اورنگزیب حاضری کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئیں، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان 1990ء کی دہائی میں اس گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کرچکا تھا، بانی پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کا کلچر شروع کیا۔انہوں نے پی پی پی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نئے نئے پنجاب آئے ہیں، وہ کون سی ترقی لے کر سندھ سے پنجاب آرہے ہیں؟۔

شاید انہوں پی کے ایل آئی ،دانش اسکول اور دوسرے منصوبے نہیں دیکھے، سندھ کا بھی حق ہے کہ وہاں پنجاب جیسی سہولیات جیسی ہوں۔ پی ڈی ایم کے فیصلوں میں پیپلز پارٹی کے وزراء بھی برابر کے حصہ دار تھے، پی ڈی ایم کی مشاورت میں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں موجود تھیں، بلاول بھٹو کی گفتگو تہذیب میں رہے گی تو نوازشریف جس کلچر کو لانا چاہتے ہیں وہ قائم ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ بلوم برگ کی رپورٹ میں لکھا ہے بہترین معاشی کارکردگی نوازشریف کی قیادت میں ہوئی، ہم وہ جماعت ہیں جس نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی اور سامنے پیش ہوئے، مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ ان تمام جماعتوں کے ساتھ ہے جو اپنے انتخابی نشان لے چکی ہیں، جو اپنے جلسے کررہے ہیں ان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہمارا مقابلہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری سے مقابلہ ہے، ہم نے معیشت کو سنبھالنا ہے،روزگار دینا ہے، ریلیف دینے کاپلان مرتب کرلیا ہے وہ جلد عوام کے سامنے آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں