دفتر خارجہ

پاک افغان سرحد کی قانونی حیثیت پر من گھڑت دعوے جغرافیائی حقائق تبدیل نہیں کر سکتے، دفتر خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ خصو صی)دفتر خارجہ نے ڈیورنڈ لائن کے حوالے سے افغانستان کے نائب عبوری وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کی قانونی حیثیت کے حوالے سے کسی بھی قسم کے خود غرضانہ اور من گھڑت دعوے جغرافیائی حقائق تبدیل نہیں کر سکتے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افغان سرحد کی قانونی حیثیت کے حوالے سے کسی بھی قسم کے خودغرضانہ اور من گھڑت دعوے جغرافیہ، تاریخ اور بین الاقوامی قوانین کے حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ عوامی سطح پر اس طرح کے اعلانات کر کے عوام کی توجہ ہٹانے کے بجائے حقیقی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے خدشات کو دور کرے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان ریاستی تعلقات کے اصولوں کی بنیاد پر پاک افغان سرحد کے پار لوگوں اور سامان کی مکمل طور پر منظم نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہم اس مقصد کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں