بیرسٹر گوہر

چاہتے ہیں برف پگھلے اورآگے بڑھیں، چیئرمین پی ٹی آئی

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں زیادہ تر لوگ نگران کابینہ کے ہیں، جن لوگوں کو غیرجانبدار ہونا چاہیے تھا وہ کابینہ کا حصہ ہیں۔

اڈیالا جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی اخلاقی ساکھ نہیں تاہم چاہتے ہیں کہ برف پگھلے اور آگے بڑھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اڈیالا جیل میں ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے موقع پر ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا سے سینیٹ الیکشن کیلئے کچھ امیدواروں کے نام فائنل کئے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ کل ملاقات کا دن ہے، کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے ملنے دیا جائے۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے۔

سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر علی ظفر، ایڈووکیٹ چوہدری ظہیر عباس پیش ہوئے جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر اور عثمان ریاض گل پیش ہوئے۔

عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کے بیانات قلمبند ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں