لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے الٹے بھی لٹک جائیں تب بھی عمران خان کو اپنی سزا ہر حال میں کاٹنی پڑے گی، یہ ایک اور 9 مئی کرنا چاہتے ہیں ،تحریک انصاف والوں کو کسی بھی صورت 27ستمبر کو پنجاب یا اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور اگر انہوں نے ایسی کوئی کوشش کی تو قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ 27ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف یا خیبرپختونخوا ہ حکومت پنجاب میں داخل ہو کر تو دکھائے،پی ٹی آئی کی ساری سیاست انتشار پر مبنی ہے،مجھے لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی والے ایک اور 9مئی جیسا واقعہ رونما کرنا چاہتے ہیں۔اب تو حالات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے ماضی کو دیکھتے ہوئے اس کی قیادت اور اراکینِ اسمبلی خود پولیس سے کہہ رہے ہیں کہ آ جائیں اور ہمیں گرفتار کرلیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کردار 27ستمبر کے حوالے سے سب سے اہم ہے کیونکہ امن و امان کے قیام کی ذمہ داری ان کی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے آج تک ایسی کوئی کمیٹی نہیں بنائی جو اپنے مطالبات وفاق کے سامنے پیش کرے۔
میں سمجھتا ہوں کہ صوبائی حکومت صرف سیاست، سیاست کھیل رہی ہے انہیں صوبے کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہاکہ سہیل آفریدی کا بحیثیت وزیراعلی اب صرف ایک ہی مقصد لگ رہا ہے کہ صوبہ جائے بھاڑ میں، بس وہ صرف ایک قیدی کی رہائی کے لیے ہر حال میں لڑیں گے۔صوبے کے امن و امان کی ذمہ داری خالصتاًصوبائی حکومت کی ہے، میں وفاق کو بھی برابر کا ذمہ دار سمجھتا ہوں، لیکن خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے کے مسائل سے متعلق رویہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔صوبے کے مسائل کے حل کے لیے وفاق بھی غیر سنجیدہ ہے، کیا محسن نقوی کے علاوہ کس وفاقی وزیر نے خیبرپختونخو ہ کا دورہ کیا ہے؟ وفاق مسلسل بے اعتنائی برت رہا ہے،وفاق اور صوبے کے درمیان کوئی کوارڈی نیشن نہیں ہے، خیبرپختونخوا کے پن بجلی، امن و امان سمیت دیگر کئی مسائل ہیں، جہاں سنجیدگی کی ضرورت ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ایک طرف کفایت شعاری کی مہم چلا رہے ہیں تاکہ اخراجات کم کیے جائیں لیکن دوسری طرف ان کی بھتیجی جہاز لے کر لندن جاتی ہیں، وزیراعظم کو اپنی بھتیجی سے پوچھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ کیوں نظر نہیں آتا؟ ان کے بیان کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا ہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پورے پاکستان کے لیے دیوار کا کردار ادا کر رہا ہے، خدا نہ کرے، اگر یہ دیوار ٹوٹ گئی تو پھر میں مریم نواز سے پوچھوں گا۔گورنر نے کہاکہ ہماری تعریف ہونی چاہیے، لیکن ہم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، مریم نواز کی بجائے اگر صوبوں کو درپیش خطرات سے متعلق بیان مراد علی شاہ یا سہیل آفریدی نے دیا ہوتا تو دونوں کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ درج ہوتا اور دونوں وزرائے اعلی دہشتگرد ڈکلیئر ہو جاتے۔



