کراچی(نمائندہ خصوصی)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور عزم دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد کا مظہر ہیں۔اپنے بیان میں سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ میر علی اور اورکزئی میں 43 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔
کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی بھی دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشت گردی اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔



