سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،غیرقانونی بھرتیاں،ملیرڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف نیب انکوائری روکنے کی استدعا مسترد

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ملیرڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف غیرقانونی بھرتیوں پر نیب انکوائری روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر اور وفاقی حکومت کونوٹس جاری کردیاہے۔

جمعہ کوسندھ ہائی کورٹ میں ملیرڈویلپمنٹ اتھارٹی میں غیرقانونی بھرتیوں پر نیب انکوائری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ نیب نے غیرقانونی بھرتی الزام پر2016میں انکوائری بندکی، اب نیب نے دوبارہ انکوائری کے لیے 4 کال اپ نوٹس ارسال کیے۔

انہوں نے کہاکہ بند انکوائری کودوبارہ شروع کرنانیب کی جانب سے ہراساں کرنا ہے، ایم ڈی اے میں کرپشن نہیں بھرتیوں پر انکوائری شروع کی گئی، استدعا ہے کہ نیب کوایم ڈی اے کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔جس پر عدالت نے ملیرڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف نیب کوانکوائری روکنے کی زبانی استدعا مسترد کردی اور کہاکہ نیب کوکارروائی سے نہیں روک سکتے، نوٹس کا جواب آنے دیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹراوروفاقی حکومت کونوٹس جاری کرتے ہوئے 19 نومبر کو فریقین سے جواب طلب کرلیا اور درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق وکیل سے دلائل طلب کرلئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں