شبلی فراز

الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اگلے ہفتے منظور کرالیا جائے گا، شبلی فراز

پشاور(گلف آن لائن ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اگلے ہفتے منظور کرالیا جائے گا،ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں ۔

پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات متنازع رہے، الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ای وی ایم کو جگہ دینی ہوگی، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا مقصد بیرونی مداخلت کو روکنا ہے، اس سلسلے میں تمام لوگوں کو بریفنگ دی جارہی ہیں، اگلے ہفتے اس حوالے سے قانون منظور ہو جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں، اپوزیشن کے پاس قوم کے لیے اور مہنگائی کو کم کرنے کے کوئی آپشن نہیں، پی ڈی ایم کو ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات ہیں، وہ کبھی ایک نہیں ہو سکتے، مولانا فضل الرحمان کی صورتحال واضح نہیں، وہ رینٹ اے کراڈ(کرائے پر لوگوں کو لانے والے)بن چکے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، اس کی خوشحالی اور امن کا اثر پاکستان پر براہ راست ہوتا ہے، افغانستان میں معاشی صورتحال ٹھیک نہیں، جس کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کو افغانستان کو مدد کرنا ہوگی، عالمی دنیا کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں