رانا ثناء اللہ

شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شیخ رشیداحمد کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہاہے کہ شیخ رشید احمد جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ،اشتعال انگیز ی اورخانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں،شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی ،سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہونگے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ شیخ رشیداگر تمہیں گرفتاری کا خوف نہیں تو اپنی ضمانت قبل ازگرفتاری کیوں کروا رہے ہو ،مسجد نبویۖ میں ہونے والے توہین آمیز واقعے کے ماسٹر مائنڈ شیخ رشید تم خود ہو۔ یہ تمہیں پتہ ہے۔رمضان کے پہلے عشرے میں تم نے جدہ کے سپینسر ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ ملکر سازش تیار کی ،اپنی خود غرصی اور ہوس میں تم نے تو اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا،خود مزے سے پنڈی میں عید کررہے ہو اور تمہارا بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ سے عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ہے،عمران نیازی اور اسکے حواریوں کی ملک پر چھائی ہوئی چار سالہ نحوست اور بے برکتی کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا؛ وقت پر فیصلہ کرتے اور اسمبلیاں توڑ کر نئے الیکشن کروا دیتے،آج حکومت سے اورریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو،الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے۔قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہونگے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں