لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت کا گراف دن بدن اوپر جارہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ، جو مقبولیت کے زعم میں مبتلا ہیں وہ عمران خان کا مقابلہ کر لیں انہیں اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میںپی ٹی آئی کا ووٹ بینک37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا ہے ،مقبولیت کاپیمانہ ووٹ ہوتا ہے جس کے اعدادوشمار سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی نام نہاد مقبولیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتاہے کہ 13جماعتوں کا مل کر بھی تحریک انصاف جتنا ووٹ بینک نہیں ہے بلکہ انفرادی طور پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک میں مزید کمی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہرگز یہ خوشی نہیں ہوگی کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مقابلے سے باہر ہوں لیکن یہ کرپشن اور لوٹ مار کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا کر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتے ، انہیں لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کرکے ہمیشہ کیلئے توبہ تائب ہونا پڑے گا۔



