اشرف بھٹی

وزیر خزانہ ملک کے ڈیفالٹ کی منفی مہم پربلا تاخیر قوم کو اعتماد میں لیں ‘ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال خصوصاً ایک جماعت کی جانب سے ملک کے ڈیفالٹ کرنے کی منفی مہم کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ بلا تاخیر قوم کو اعتماد میں لیں ،مہنگائی کے سبب بننے والی پالیسیوں کا ادراک کیا جائے ،جب تک ٹیکس کا مربوط نظام نہیں آئے گا اس وقت تک نہ اہداف پورے ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ملکی معیشت مستحکم ہو سکتی ہے۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ کوئی بھی جماعت ہو اسے اپنی سیاست چمکانے کیلئے معیشت پر منفی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے خاص طور پر ملک کے ڈیفالٹ کا تسلسل کے ساتھ بیانیہ کسی طور پر بھی قابل ستائش نہیں ۔ مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ معیشت کے حوالے سے تمام اعدادوشمار قوم کے سامنے رکھیں اور خاص طور پر ڈیفالت کی منفی مہم کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لیں تاکہ خوف و ہراس کی فضا ختم ہو سکے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے جس سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور ہر طرح کے کاروبار کو بھی تقویت ملے گی ۔ تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کی معیشت کو چلانے کیلئے میثاق معیشت کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں