nawaz-sharif

نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں،جلسے کے لئے مختلف مقامات پر غور جاری

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں جاری ہیں اور جلسے کے لئے مختلف مقامات پر غور کیا جا رہا ہے، نواز شریف کو ایئرپورٹ سے بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کا پروگرام تقریباً فائنل کر لیا گیا ہے اور ان کی وطن واپسی پر بڑا جلسہ کرنے کے لئے مختلف مقامات پر غور جاری ہے۔

جلسے کے لئے لاہور میں 5مقامات زیرغور ہیں۔ ایئرپورٹ کے باہر، ماڈل ٹاﺅن کے باہر فیروزپور روڈ، چیئرنگ کراس چوک، داتا دربار اور مینار پاکستان کے مقامات پر جلسہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم جلسے کے مقام کا حتمی فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے ملک بھر سے پارٹی عہدیداروں، ٹکٹ ہولڈرز اور موجودہ و سابقہ پارلیمنٹیرینز کو نواز شریف کے استقبال کے لئے اہداف دئیے جائیں گے، مجموعی طور پر10لاکھ افراد کو نواز شریف کے استقبال کے لئے اکٹھا کرنے کا بڑا ہدف دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ایئرپورٹ سے بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا جائے گا جبکہ وطن واپسی سے قبل عدالت سے حفاظتی ضمانت بھی لی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں