مرتضیٰ سولنگی

غیر ملکی تارکین وطن قانونی دستاویزات اور ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک پاکستان میں قیام نہیں کر سکتے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن قانونی دستاویزات اور ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک پاکستان میں قیام نہیں کر سکتے،

غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملک واپس بھیجنے کے حوالے سے پاکستان پر تنقید بیرون ممالک سے ہوئی، ہم نے صرف ایسے غیر ملکیوں کو اپنے ملک واپس جانے کو کہا جن کے پاس دستاویزات یا ویزے موجود نہیں۔ پیر ایک انٹرویومیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 20 ہزار ایسے افغان باشندے موجود ہیں جنہوں نے امریکی اتحادی فوج کے ساتھ کام کیا، افغان حکومت ابھی تک ان 20 ہزار افغانوں کو اپنے ہاں منتقل نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ دنیا میں جو سلوک ہوتا ہے، وہ سب جانتے ہیں جبکہ غیر قانونی مقیم افراد کے حوالے سے پاکستان کا ریکارڈ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان شہری قانونی طور پر موجود ہیں جنہیں صحت، تعلیم اور کاروبار سمیت تمام سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن غیر ملکیوں کے پاس متعلقہ دستاویزات یا ویزے نہیں، ہم نے صرف ان کو اپنے ملک واپس جانے کو کہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں لامحالہ فیصلہ تو کرنا ہوگا کہ غیر ملکی پاکستان کے اندر کس حیثیت سے کتنی دیر قیام کر سکتے ہیں، غیر ملکی افغان شہری ہوں یا کوئی اور، وہ ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک یہاں قیام نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں