ٹرافی

پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

آکلینڈ (گلف آن لائن)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی میں پاکستانی کپتان شاہین آفریدی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن شریک ہوئے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل جمعرات کو آکلینڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر آمنے سامنے ہوں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اتوار، تیسرا 17، چوتھا 19 اور آخری میچ 21 جنوری کو شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پہلے ٹی 20 کے لیے پاکستان ٹیم کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستان ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف، زمان خان کے ساتھ چوتھے فاسٹ بولر عامر جمال ہوں گے جبکہ لیگ بریک گگلی بولر اسامہ میر پر محمد نواز کو ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان بابر اعظم نمبر تین پر کھیلیں گے، وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ اننگز کی شروعات صائم ایوب کریں گے، جارح مزاج فخر زمان نمبر چار پر کھیلنے کے لیے رضا مند ہو گئے۔اعظم خان 11 رکنی ٹیم میں شامل ہوئے تو بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے۔دونوں ٹیمیں اب تک 34 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے 20 پاکستان اور 13 میچز نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں جبکہ ایک میچ کا نتیجہ سامنے نہیں آسکا تھا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 201 اور کم ترین 101 ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں کھیلا گیا تھا جس میں فخر زمان کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان نے میچ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت جیت لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں