لاہور (نمائندہ خصوصی)پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا طبی ریکارڈ قومی شناختی کارڈ نمبر پر محفوظ نہ کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
شہری عبداللہ عثمان نے رانا سکندر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں حکومت پنجاب اور سیکرٹری صحت کو فریق بنایا۔درخواست گزار کے وکیل رانا سکندر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ تر غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد علاج کی غرض سے آتے ہیں، جو اکثر اپنی ٹیسٹ رپورٹس اور دیگر طبی ریکارڈ محفوظ نہیں رکھ پاتے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی)میں مریضوں کا ڈیٹا شناختی کارڈ نمبر پر محفوظ کیا جاتا ہے، جو ایک کامیاب مثال ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مریضوں کا تمام ریکارڈ ان کے شناختی کارڈ پر محفوظ رکھا جاتا ہے، اور نادرا کے اشتراک سے ایسا نظام وضع کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے، شناختی کارڈ نمبر پر میڈیکل ہسٹری دستیاب ہونے سے نہ صرف مریضوں کو بار بار ٹیسٹ کرانے کی زحمت سے نجات ملے گی بلکہ معالجین کو بھی تشخیص اور علاج میں غیر معمولی آسانی ہوگی۔درخواست گزار نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ وہ حکومت پنجاب کو صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ شناختی کارڈ نمبر پر محفوظ کرنے کا حکم جاری کرے۔



