سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،جونیئر افسران کی ترقی کے خلاف درخواست ،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری

کراچی(گلف آن لائن)جونیئر افسران کی ترقی کے خلاف ڈی آئی جی زعیم اقبال شیخ کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کر دیئے۔پیرکودوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ان کا موکل طویل عرصے سے گریڈ 20 میں ہے، جو گریڈ 21 کا حق دار ہے لیکن سلیکشن بورڈ نے 75 فیصد نمبرز لازمی کی شرط عائد کرکے پروموشن سے محروم کر دیاہے۔

موقف اپنایا کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، چھ جونیئرز کو اگلے عہدے پر ترقی دے دی گئی جوکہ سنیارٹی کے اصول کے خلاف ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست اسلام آباد میں کیوں دائر نہیں کی۔سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 17 فروری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے درخواست گزار کا سروس ریکارڈ اور ترقی سے متعلق مواد طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں