وفاقی کابینہ

کابینہ نے عمران خان ، ساتھی وزراء اور اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (گلف آن لائن)آڈیو لیکس معاملے پر وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم عمران خان، ان کے ساتھی وزرا اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی منظوری دے دی ۔کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی ، کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی ،کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا ،وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی ۔ کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے۔

کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ ”ایف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ڈپلومیٹک سائیفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی ،ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق عمران خان کی دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی ،آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائیفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں