عطا تارڑ

پرویز الٰہی کو عزت سے استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے، عطا تارڑ

لاہور (نمائندہ خصوصی ) معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پرویز الہی کو عزت سے استعفی دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔ گورنر ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے آئینی طور پر اعتماد کے ووٹ کا کہا، سیشن کے دوران بھی اعتماد کے ووٹ کا کہا جاسکتا ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی یہ لوگ اعتماد کے ووٹ سے کیوں بھاگ رہے ہیں، ان کے پاس مجوزہ تعداد موجود نہیں ہے، اور قیامت کے دن تک ان کی تعداد پوری نہیں ہوگی، پرویز الہی کو عزت سے استعفی دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کی کابینہ میں لڑائیاں ہورہی ہیں، ان کے دو ایم پی اے استعفی دے چکے ہیں، جب کہ پی ٹی آئی ممبران اسمبلیاں تحلیل نہیں کرنا چاہتے، بلکہ بحیثیت ایم پی اے اسمبلی میں بیٹھنا چاہتے ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ گورنر کوئی غیر قانونی قدم اٹھانے کو تیار نہیں، فواد چوہدری جب کے جی کلاس میں تھے اس وقت سے انہوں نے جھوٹ بولنا شروع کیا، بتایا جائے گورنر نے کون سا غیر آئینی قدم اٹھایا، انہوں نے تو بردباری کا مظاہرہ کیا اور قانونی پوزیشن کو واضح کردیا، اور یہ گورنر کی صوابدید ہے وہ وزیراعلی کو کب ڈی نوٹیفائی کریں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آئین کو پامال کیا جارہا ہے جو نامناسب ہے، اسپیکر نے گورنر کے حکم پر رولنگ دی اور اسے غیر آئینی و قانونی دیا، صرف پوائنٹ آف آرڈر پر رولنگ دی جاسکتی، منظور وٹو تب وزیراعلی نہیں تھے جب ان کو ووٹ لینےکا کہا گیا، منظور وٹو کیس اور اب کا معاملہ الگ ہے، اگر آپ کے پاس تعداد پوری ہے تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں