آئی سی سی

آئی سی سی ورلڈ کپ ،سیکیورٹی کیلئے پاکستانی وفد کے اگست کے آخری ہفتے میں بھارت جانے کا امکان

اسلام آباد ( گلف آن لائن)آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے سیکیورٹی کیلئے پاکستانی وفد کے اگست کے آخری ہفتے میں بھارت جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو سفارشات مرتب کرکے بھیجے گی، بعدازاں ٹیم کے بھارت جانے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگست کے آخری ہفتے میں پاکستان کا سیکیورٹی وفد میزبانی کے مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بھارت کا دورہ کریگا۔

دوسری جانب کمیٹی کا اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے علاوہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ، طارق فاطمی شامل ہیں جبکہ حساس ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ میں شیڈول کی تبدیلی کے حوالے سے بھی باز گشت سنائی دے رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے، پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا تھا، جس کے اب ایک روز قبل یعنی 14 تاریخ کو انعقاد کا امکان بڑھ گیا اسی طرح پاکستان اور نیدلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے، یہ میچ اب 10 اکتوبر کو ہوگا۔شیڈول کے حوالے سے آئی سی سی یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوئی تصدیق نہیں کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں